کافی عرصے بعد مفید ویب سائٹس کے زمرے میں پوسٹ کر رہا ہوں۔ اس بار بچوں کے لئے دو مفید ویب سائٹس حاضر
خدمت ہیں۔ اُمید ہے پسند آئیں گی!

ملٹی میڈیا انو ویٹو سوسائٹی
بچوں کے لئے اردو میں ایک مفید ویب سائٹ جس میں روزانہ ایک نئی کہانی، نظم اور لطیفے کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ (ویب سائٹ بنانے والوں کے مطابق)۔ ظاہری شکل و صورت میں خوبصورتی نہ ہونے کے باوجود اچھی بات یہ ہے کہ یہ تحریری اردو میں ہے۔ ایک آڈیو سیکشن بھی موجود ہے جس میں چند آڈیو کہانیاں بھی موجود ہیں۔ ایک زمرہ ’’علمیت‘‘ کے نام سے بھی موجود ہے ، جس میں مختلف عنوان پر مضامین موجود ہیں۔ بچوں کی کتابیں، سی ڈیز اور آڈیو کیسٹس بھی خریدی جا سکتی ہیں۔ جس میں بچوں کے مشہور مصنف ’’اشتیاق احمد‘‘ کی کتابیں بھی موجود ہیں۔
انٹرنیشنل چلڈرن ڈیجیٹل لائبریری
انٹرنیشنل چلڈرن ڈیجیٹل لائبریری، نام سے ہی ظاہر ہے کہ بچوں سے متعلق ویب سائٹ ہے۔ جس میں دنیا بھر کے بچوں کے لئے انگریزی کے ساتھ عربی، فارسی، عبرانی، جرمن، اٹالین، چینی، فرنچ، روسی وغیرہ میں کتب کا ذخیرہ موجود ہے۔ اس سائٹ پر بچوں کی عمر اور پسند کی مناسبت سے کتب کو ترتیب دیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر لوگوں کی کہانیاں، جنگل کی کہانیاں، پریوں کی کہانیاں، تصویری کہانیاں وغیرہ۔ یہ تمام کتابیں مفت دستیاب ہیں۔

